برلن، اسلام آباد، روم، نئی دہلی، ٹوکیو، کابل (نیوز ایجنسیاں)اٹلی میں ایک روز میں مزید800ہلاک‘ دنیا بھر میں ہلاکتیں13ہزار سے متجاوز‘بھارت میں جنتا کرفیو، جرمن چانسلر بھی قرنطینہ منتقل۔کورونا وائرس کے جان لیوا حملوں کا سلسلہ تاحال جاری
ہے جس پر قابو پانے کے لیے دنیا بھر کے ممالک سڑ توڑ کوششیں کر رہے ہیں۔چین سے پھیلنے والے کوورنا وائرس سے اب تک 188 ممالک متاثر ہو چکے ہیں،جس میں امریکا، کینیڈا، سعودی عرب، ایران، پاکستان، اٹلی، اسپین، جرمنی اور فرانس سمیت کئی یورپی ممالک بھی شامل ہیں۔دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد 3 لاکھ 8 ہزار 227 ہو چکی ہے جس میں سے 95،826 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 13 ہزار 64 تک پہنچ گئی ہے۔ چین میں وائرس کے کیسز میں جہاں کمی آ رہی ہیں وہیں وبا سے یورپی ممالک خصوصاً اٹلی میں بدترین صورتحال دیکھنے کو مل رہی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران چین میں صرف 6 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کے دنیا کی سب سے بڑی آبادی والے ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 261 ہو گئی ہے جب کہ متاثرین کی کل تعداد 81 ہزار 54 ہے جس میں سے 72 ہزار 440 افراد صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔یورپی ملک اٹلی میں گزشتہ روز800 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جس کے بعد وہاں اموات کی تعداد 4 ہزار 825 ہو گئی ہے۔رپورٹس کے مطابق اٹلی میں سب سے زیادہ اموات شمالی ریجن لامبارڈے میں ہوئی ہیں جہاں اب تک 3 ہزار سے زاید افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں اور اب وہاں مکمل لاک ڈاؤن ہے۔اس صورتحال کے پیش نظر اٹلی کے وزیراعظم نے پورے ملک میں تمام غیر ضروری سرگرمیوں کو بند کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف سپر مارکیٹس، فارمیسی، پوسٹ آفس اور بینکس کھلیں رہیں گے۔اسپین میں بھی کورونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 285 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں جس کے بعد وہاں ہلاکتوں کی تعداد 1378 اور متاثرین کی تعداد 25 ہزار 496 ہو گئی ہے۔امریکا میں بھی کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 46 ہلاکتیں رپورٹ کی گئی ہیں،جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 348 جب کہ متاثرین کی تعداد 26 ہزار 859 ہو گئی ہے۔یہ وائرس امریکا کی تمام ریاستوں کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے، حفاظتی اقدامات کے تحت امریکا کی تمام ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔بھارت میں بھی کورونا وائرس سے اب تک 5 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی 21 ریاستوں اور وفاق کے زیر انتظام علاقوں میں 332 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں کئی غیر ملکی بھی شامل ہیں جب کہ اب تک 23 افراد صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ’’جنتا کرفیو‘‘ کا اعلان کر رکھا ہے۔ جاپان کی وزارت صحت اور مقامی حکومت نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1ہزار55 ہوگئی ہے۔رومانیہ کی حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلا ئوکو روکنے کے لیے کرفیو کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ دن کے وقت جتنا ممکن ہوگھر میں رہیں۔چین کے محکمہ صحت نے اتوار کو کہا ہے کہ ہفتے کو 24 گھنٹے کے دوران تک کل 314 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔افغانستان میں کورونا وائرس کے نئے 10 کیس سامنے آئے ہیں۔ اتوار کو وزیر صحت فیروز الدین فیروز نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 97 مشتبہ افراد کے ٹیسٹ کیے گئے، جن میں10 کے نتائج مثبت آئے،عالمی وبا میں مبتلا ہونے والے کل افراد کی تعداد 34 ہو گئی ہے۔ جرمن چانسلر انجیلا میرکل کو بھی قرنطینہ میں منتقل کر د یا گیا ہے۔ جرمن چانسلر کو گھر پر سب سے الگ تھلگ کر دیا گیاہے،ان کے قریب رہنے والے تمام حکومتی عہدیداروں کے ٹیسٹ کیے جائیں گے، تب تک جرمن چانسلر تمام حکومتی ذمے داریاں اپنے گھر سے سنبھالیں گی۔

0 Comments:
Post a Comment